کراچی:28دسمبر23ء(پلیئرزڈاٹ پی کے) پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کے بانی و اعزازی سیکریٹری جنرل پروفیسر راؤ جاوید اقبال نے پالیسی بیان جاری کرتے ہوئے میر طارق حسین بگٹی کے وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ کی جانب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کا صدر نامزد ہونے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک غیر جانبدار شخصیت ہیں اور ان کی حب الوطنی بھی کسی شبے سے بالا تر ہے ۔اس لیے ہاکی کے سنجیدہ حلقوں کوان سے یہ امید بندھ گئی ہے کہ وہ پاکستان ہاکی کی بحالی و ترویج میں اپنا مثبت کردار ادا کریں گے ۔کئی سال سے مسلط مخصوص گروہ کے روایتی گھیرے کو توڑ کر ہاکی سے محبت اور عملی کام کرنے والے افراد سے وسیع البنیاد مشاورت کے عمل کے ذریعے قوم کو لائحہ عمل دیں گے ۔علاوہ ازیں وہ اپنی نامزد کردہ اسکروٹنی کمیٹی کے ذریعے صحیح معنیٰ میں کلبز کی سطح پر شفاف اور غیر جانبدار اسکروٹنی کے ذریعے پاکستان ہاکی کی تاریخ میں اپنا نام سنہرے حروف سے لکھوائیں گے۔اس محدود مدت کے اثرات کے حامل عمل کی حمایت کے باوجود ہم پاکستان ہاکی کی حقیقی بحالی و ترویج کے لیے اپنے اصولی تجویز پر قائم ہیں جس میں ٹیکنوکریٹس ،اسپورٹس سائنسز اور مارکیٹنگ کے ماہرین پر مشتمل فیڈریشن کی تشکیل کے ذریعے فیڈریشن کے بنیادی ڈھانچے میں تبدیلی شامل ہے