سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کی جانب سے صدر پی ایچ ایف میر طارق حسین بگٹی کو ذمہ داریاں ملنے پر مبارکباد، وزیراعظم کے فیصلہ کا خیر مقدم

کراچی:22دسمبر23ء(پلیئرزڈاٹ پی کے/سپورٹس رپورٹر) سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر و میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور سیکرٹری سندھ ہاکی ایسوسی ایشن اکبر قائمخانی نے میر طارق حسین میسوری بگٹی کو وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ کی جانب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نئے صدر کی نامزدگی پر مبارکباد پیش کی ہے.
سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری شدہ پریس ریلیز کے مطابق سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے پی ایچ یف کےصدر میر طارق حسین میسوری بگٹی کو ذمہ داریاں ملنے پر مبارکباد پیش کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ انکی روشن خیال قیادت اور ویژن کے تحت پاکستان ہاکی کے فروغ اور ترقی کا نیا باب شروع ہوگا. انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے میر طارق حسین بگٹی جیسی شخصیت کا انتخاب پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان ہاکی کے لئے انتہائی موزوں ہے. پاکستان ہاکی کے معاملات کو بہتر انداز میں چلانے کی صلاحیت رکھنے والے شخصیت کی تعیناتی پاکستان ہاکی فیڈریشن میں وقت کی اہم ضرورت بھی تھی اور پاکستان ہاکی کمیونٹی کا مطالبہ بھی جوکہ وزیراعظم پاکستان نے پورا کیا.
سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نئے سربراہ میر طارق حسین بگٹی کی قیادت میں ہاکی کی ترقی کا سفر شروع کرینگے اور پاکستان ہاکی انٹرنیشنل سطح پر ایکبار پھر اپنا لوہا منوائے گی.

اپنا تبصرہ بھیجیں