اولمپیئن کلیم اللہ اور اولمپیئن ناصر علی کا معطل شدہ پی ایچ ایف کی جانب سے نئی ذمہ داریاں لینے سے انکار،سپورٹس بورڈ کو مطلع کرچکے ہیں

کراچی:22نومبر(پلیئرزڈاٹ پی کے) چیف سلیکٹر قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی اولمپیئن کلیم اللہ اور ممبر سلیکشن کمیٹی اولمپیئن ناصر علی نے معطل شدہ پی ایچ ایف کی جانب سے سونپی گئی نئی ذمہ داریاں قبول کرنے سے انکار کردیا.
تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے معطل شدہ پی ایچ ایف صدر خالد سجاد کھوکھر نے گذشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نئی قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی بنانے کا اعلان کیا جبکہ ماضی کے لیجنڈ کھلاڑی اولمپیئن کلیم اللہ خان چیئرمین سلیکشن کمیٹی کو انکے عہدے سے ہٹاتے ہوئے انکو بطور چیف آبزرور بنانے اور دوسرےممبر سلیکشن کمیٹی اولمپین ناصر علی کو بطور کوآرڈینیٹر پی ایچ ایف بنانے کا بھی اعلان کیا. چیف سلیکٹر قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی اولمپیئن کلیم اللہ اور ممبر سلیکشن کمیٹی اولمپیئن ناصر علی نے معطل شدہ پی ایچ ایف کی جانب سے سونپی گئی نئی ذمہ داریاں قبول کرنے سے انکار کردیا ہے. انہوں نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سےمعطل شدہ پی ایچ ایف کی جانب سے لئے گئے تمام اقدامات قانونی حیثیت نہیں رکھتے اور اس بابت پاکستان سپورٹس بورڈ سمیت دیگر متعلقہ فورم کو پہلے ہی مطلع کرچکے ہیں.
یاد رہے کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد سجاد کھوکھر سمیت تمام عہدیداران کو 16 اگست 2023 کو بذریعہ لیٹر نمبریF.7-18/2020-PSB(NF) کے تحت معطل کیا جاچکا ہے جس کے بعد سے معطل شدہ پی ایچ ایف عہدیداران کی جانب سے اٹھائے گئے تمام اقدامات غیر قانونی گردانے جارہے ہیں. پاکستان سپورٹس بورڈ نے پاکستان کی بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت کے لئے ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کو بدستور اپنے عہدوں پر کام کرنے کی ہدایات جاری کررکھی ہیں اور اس سلسلہ میں خط و کتابت بھی انہی کے توسط سے جاری ہے تاہم معطل شدہ پی ایچ ایف کی جانب سے نئی سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ کو پاکستان سپورٹس بورڈ سے توثیق مل پائے گی یا نہیں؟ اسکا فیصلہ پاکستان سپورٹس بورڈ کرے گا.

اپنا تبصرہ بھیجیں