اسلام آباد:12نومبر23ء(پلیئرزڈاٹ پی کے /ضیاء بخاری) پاکستان ہاکی فیڈریشن کےمعطل شدہ صدر خالد سجاد کھوکھر کو پاکستان ہاکی فیڈریشن میں غیرآئینی اقدامات لینے اور غیر آئینی تقرریاں کرنے پر ہائیکورٹ نے نوٹس جاری کردیئے. پاکستان ہاکی فیڈریشن کےکانگریس ممبر ز کی جانب سے دائرکردہ کیس کی سماعت کرتے ہوئے معزز عدالت نے پی ایچ ایف کے صدر خالد سجاد کھوکھر سمیت دیگران کو جواب دہی کے لئے عدالت طلب کرلیا. درخواست گذار نےدائر کردہ کیس میں موقف اختیار کیا ہے کہ خالد سجاد کھوکھر سمیت دیگر پی ایچ ایف عہدیداران پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے 16 اگست 2023 سےمعطل شدہ ہیں تاہم قومی کھیل کے معاملات کو جاری رکھنے کے لئے ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کے اراکین بدستور کام کرتے رہیں گے. اس دوران معطل شدہ صدر نے دو ماہ سے بھی کم ترین عرصہ میں پی ایچ ایف کانگریس کے تین ٍغیرمعمولی اجلاس طلب کئے. خالد سجاد کھوکھر معطل صدر پی ایچ ایف کی جانب سے غیر آئینی طور پر قائم مقام سیکرٹری جنرل پرویز بھنڈارا کی تعیناتی کی گئی جوکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے آئین سے متصادم ہے.درخواست گذار نے موقف اختیار کیا کہ پی ایچ ایف آئین کے مطابق صدر منتخب شدہ سیکرٹری جنرل کا عہدہ خود سے پر کرنے کا اختیار بھی نہیں رکھتے . خالد سجاد کھوکھر نے غیرقانونی طور پر پی ایچ ایف کانگریس اجلاس طلب کیا جس میں بیشتر کانگریس اراکین کو شرکت کے لئے مدعو نہیں کیا گیا اور اجلاس پی ایچ ایف آئین سے متصادم ہے. درخواست گذار نے موقف اختیار کیا کہ پی ایچ ایف آرٹیکل 13.7 کے تحت ایگزیکٹو بورڈ ممبر کی خالی اسامی کو پر کرنے کےایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس بلایا جانا ضروری ہوتا ہے.درخواست گذار نے خالد سجاد کھوکھر معطل صدر پی ایچ ایف کی جانب سے خالی آسامیوں کو پر کرنے کے غیر آئینی طریقہ کار کو عدالت میں چیلنج کرنے سمیت غیرآئینی احکامات، غیر قانونی و غیر آئینی تقرریوں سمیت حال ہی میں پی ایچ ایف کے معطل شدہ صدر کی جانب سے نامزد غیرآئینی سیکرٹری جنرل و ایسوسی ایٹ سیکرٹری جنرل کی تعیناتیوں کو بھی کیس کا حصہ بنایا ہے. درخواست گذار کی جانب سے 18 اکتوبر کو جاری کئے گئے غیرآئینی اجلاس ایجنڈا سمیت معطل صدر پی ایچ ایف خالد سجاد کھوکھر کی جانب سے جاری شدہ غیر آئینی احکامات و اقدامات کی تنسیخ کا بھی مطالبہ کیس کا حصہ بنایا ہے. معزز عدالت نے مدعی کے وکیل کے مدلل دلائل سننے کے بعد خالد سجاد کھوکھر، پرویز بھنڈارا و دیگران کو جوابدہی کے لئے عدالت طلب کرلیا ہے.