پاکستان ہاکی فیڈریشن میں جعلی ہاکی کیمپ لگا کرلاکھوں روپے کی رقم خربرد کرنے کا انکشاف

لاہور:03نومبر23ء(پلیئرزڈاٹ پی کے) پاکستان ہاکی فیڈریشن میں جعلی ہاکی کیمپ لگا کرلاکھوں روپے کی رقم خربرد کرنے کا انکشاف، پی ایچ ایف اکاونٹ سے رقم بذریعہ چیک نمبری 00000501 حبیب بینک لمیٹڈ سے یکم مارچ 2017 کو نکالی گئی۔ مذکورہ جعلی کیمپ پی ایچ ایف کے صدر خالد سجاد کھوکھر سیکریٹری شہباز سینیر اور خزانچی اخلاق عثمانی کے دور میں لگا اور پی ایچ ایف کے سیکرٹری جنرل شہباز سینیئر اور خزانچی اخلاق عثمانی کے دستخطوں سے یہ رقم بذریعہ کیش نکالی گئی جوکہ وومن قومی ہاکی تربیتی کیمپ کی مد میں نکالی گئی۔ خرد برد کی گئی رقم کے دستاویزات پر پی ایچ ایف کے اعلی عہدیداران کے تصدیقی دستخط بھی موجود ہیں۔ پی ایچ ایف کے اعلی عہدیداران کی ملی بھگت سے اس جعلی کیمپ کا انعقاد2017 کی پہلی سہ ماہی میں ظاہر کیا گیا ہے۔ پی ایچ ایف دستاویزات کے مطابق سابق مینجر قومی ہاکی ٹیم و قومی وومن ہاکی ٹیم سعید خان تربیتی کیمپ کے منیجر و کیمپ کمانڈنٹ تھے۔ بل کی سمری کیمپ کمانڈنٹ سعیدخان کے دستخط سے منظور کی گئی تھی جوکہ پی ایچ ایف کی جانب سے استفسار پر سعیدخان نےاس طرح کے کسی کیمپ کے انعقاد سے مکمل لاعلمی کا اظہار کردیا۔ انہوں نے اپنے تحریری بیان میں اعتراف کیا کہ یہ میرے دستخط نہیں ہیں اور نہ ہی مجھے اس کیمپ کا علم ہے۔

یاد رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے پاکستان ہاکی فیڈریشن میں ہونے والی کرپشن کے سلسلہ میں تحقیقات کا آغاز کردیا ہے جس بابت پی ایچ ایف سے بوساطت وزارت بین الصوبائی رابطہ اہم دستاویزات بھی مانگے گئے۔ پاکستان ہاکی کے نامور اولمپیئنز اور انٹرنیشنل ہاکی کھلاڑیوں نے ہاکی فیڈریشن میں ہونے والی مالی بے قاعدگیوں اور کرپشن کی تحقیقات اور ارباب اختیار و حکومت پاکستان سے اس بابت حقائق کو منظر عام پر لانے کا بھی مطالبہ کردیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں