پشاور:21مارچ24ء(پلیئرزڈاٹ پی کے/ضیاءبخاری) اولمپیئن نعیم اختر کی رٹ درخواست پر پشاور ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ، تاحکم ثانی اسلام آباد میں ہونے والے ہاکی کے اجلاس کے کسی بھی قسم کے نوٹیفکیشن سے روکدیا، وزارت آئی پی سی، پاکستان سپورٹس بورڈ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سمیت فریقین کو نوٹس جاری
تفصیلات کے مطابق اولمپیئن نعیم اختر کی جانب سے نیشنل بینک ملازم رانا مجاہد علی کے خلاف رٹ درخواست پر سماعت کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اسلام آباد میں رانا مجاہد علی کی جانب سے بلوائے گئے ہاکی اجلاس کے نوٹیفکیشن کو تاحکم ثانی روکدیا ہے۔
اولمپین نعیم اختر کی جانب سے درخواست گذاری گئی کہ رانا مجاہد علی سیکرٹری پی ایچ ایف نہیں ہے اور اس نے اپنے آپ کو سیکرٹری پی ایچ ایف ظاہر کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر اسلام آباد میں اجلاس کو بلا رکھا ہے۔ درخواست گذار نے کہا کہ سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف حیدر حسین کے استعفی کے نوٹیفکیشن کو معطل کرتے ہوئےمعزز عدالت نے عارضی حکم امتناعی جاری کررکھا ہے جوکہ تاحال نافذ العمل ہے۔۔ اس کے باوجود رانا مجاہد علی نے عدالتی احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے اجلاس بلوایا ۔جس پر توہین عدالت کا کیس بھی دائرکردیا گیا ہے جو کہ زیرسماعت ہے ۔رانا مجاہد کانگریس سے ڈی بار ہوچکے ہیں انکی آئینی حیثیت نہیں کہ وہ اجلاس بلوائیں۔ اس تناظر میں معزز عدالت میں اولمپیئن نعیم اختر کے وکیل بیرسٹر نعمان ستار کے دلائل سنتے ہوئے پاکستان سپورٹس بورڈ، وزارت آئی پی سی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو تاحکم ثانی اجلاس کے نوٹیفکیشن سے روکتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔