عسکری ادارے کی کاوش!قومی کھیل کی ترویج و ترقی کے لئے پہلی سٹیٹ آف دی آرٹ ہاکی اکیڈمی فعال کردی

لاہور:02فروری24ء(پلیئرزڈاٹ پی کے) ڈی ایچ اے ہاکی ایرینا سپورٹس انفراسٹرکچر کی تکمیل کے بعد عسکری ادارے نے قومی کھیل کی آبیاری کے لئے پہلی سٹیٹ آف دی آرٹ ہاکی اکیڈمی فعال کردی.
گراس روٹ لیول پر قومی کھیل کی آبیاری کے لئے کور کمانڈر لاہور کے ویژن اور سابق ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے برگیڈیئر وحید گل ستی کی کاوشوں سے تعمیر شدہ ڈی ایچ اے ہاکی ایرینا پر پہلی سٹیٹ آف دی آرٹ ہاکی اکیڈمی کو فعال کردیا گیا. ڈی ایچ اے ہاکی اکیڈمی کو مکمل سپورٹس انفراسٹرکچر کے ساتھ فعال کیا گیا ہے جس میں عسکری ادارے کی معاونت شامل ہے. اکیڈمی کے ڈائریکٹر کرنل عمر صابر ڈی ایچ اے ہاکی اکیڈمی کے معاملات دیکھ رہے ہیں جبکہ سابق اولمپیئن منطور الحسن اور ورلڈکپ گولڈ میڈلسٹ کرنل ر محمد سعید اکیڈمی میں بطور کوچنگ ایکسپرٹس اپنی پیشہ ورانہ خدمات سرانجام دے رہے ہیں. 1994 عالمی کپ گولڈمیڈلسٹ محمد عثمان شیخ بھی بطور کوچ ہاکی اکیڈمی میں اپنی پیشہ ورانہ خدمات سرانجام دے رہے ہیں جنکا تعلق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) سے ہے.
ڈائریکٹر سپورٹس ڈی ایچ اے ہاکی ایرینا و ڈائریکٹر ڈی ایچ اے ہاکی اکیڈمی کرنل ر عمر صابر سابق مینجر پاکستان ہاکی ٹیم نے ڈی ایچ اے ہاکی اکیڈمی میں باصلاحیت کھلاڑیوں کے انتخاب کے لئے ملک کے مختلف حصوں میں ٹرائلز منعقد کئے اور 30 کھلاڑیوں کو اکیڈمی کے لئے منتخب کیا. ایک سال قبل منتخب شدہ کھلاڑیوں کو گذشتہ روز سٹیٹ آف دی آرٹ سپورٹس انفراسٹرکچر سے منسلک ڈی ایچ اےسپورٹس ہاسٹل میں منتقل کردیا گیا جہاں انکو تعلیم و تربیت سمیت قومی کھیل کے اسرارورموز سے آگاہی دی جائے گی. گراس روٹ لیول پر کام کرنے والی ڈی ایچ اے لاہورہاکی اکیڈمی کو باقاعدہ پاکستان ہاکی فیڈریشن سے رجسٹریشن بھی حاصل ہے جو کہ پی ایچ ایف کے زیراہتمام آل پاکستان ایونٹس میں شرکت کی اہلیت رکھتی ہے.
عسکری ادارے کی جانب سے ڈی ایچ اے ہاکی اکیڈمی آپریشنز کو فعال رکھنے کے لئے خصوصی بجٹ بھی مختص کیا گیا ہے جوکہ کھلاڑیوں کی تربیت، تعلیم اور فلاح و بہبود کے لئے خرچ کیا جائے گا. ڈی ایچ اے لاہورہاکی اکیڈمی میں زیرتعلیم وتربیت کھلاڑیوں کو مابانہ مالی وظیفہ بھی دیا جارہا ہے جوکہ انکی ضروریات زندگی کو مزید سہل بنائے گا. ماہرین ہاکی کے مطابق قومی کھیل میں نیا ٹیلنٹ متعارف کرانے کے لئے عسکری ادارے کی جانب سے اس قدام سے قومی جونیئر و سینیئر ہاکی ٹیموں میں بہترتربیت سے آراستہ کھلاڑیوں کی فراہمی بھی ممکن ہوسکے گی.
ڈی ایچ اے لاہورہاکی اکیڈمی سپورٹس ہاسٹل، آسٹروٹرف سے مزین ایک میچ گراونڈ اور ایک وارم اپ پریکٹس آسٹروٹرف گراونڈ پر مشتمل سپورٹس انفراسٹرکچر کا حصہ ہے جہاں پاکستان ہاکی فیڈریشن قومی سینیئر و جونیئر ہاکی ٹیموں کے تربیتی کیمپس کا انعقاد کرچکی ہے. جونیئر ایشیا کپ میں سلور میڈلسٹ ہاکی ٹیم کی تربیت بھی ڈی ایچ اے لاہور کے سابق ایڈمنسٹریٹر برگیڈیئر وحید گل ستی کی خصوصی کاوشوں سے کی گئی تھی.

اپنا تبصرہ بھیجیں