اولمپک کوالیفائر ایونٹ میں سیمی فائینل میچ میں جرمنی نے پاکستان کو چار گول سے شکست دیدی،پاکستان آج نیوزی لینڈ کے مدمقابل ہوگا

اسلام آباد:21 جنوری24ء(پلیئرزڈاٹ پی کے/ضیاءبخاری) عمان میں جاری اولمپک کوالیفائر ایونٹ میں سیمی فائینل میچ میں جرمنی نے پاکستان کو چار گول سے شکست دیدی۔

تفصیلات کے مطابق عمان کے شہر مسقط میں جاری اولمپک کوالیفائر ایونٹ اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہوگیا ۔ جرمنی اور انگلینڈ کی ٹیمیں فائینل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئیں ۔ پہلے سیمی فائینل میں جرمنی نے پاکستان کو یکطرفہ چار گول سکور کرکے ایونٹ کے فائینل میں قدم رکھ دیا۔ پاکستان ہاکی ٹیم کو میچ میں ایک پینلٹی کارنر ملا جس سے فائدہ نہ اٹھایا جاسکا جبکہ جرمن ٹیم نے چار پینلٹی کارنرز حاصل کئے جس پر 50فیصد تناسب کے ساتھ دو گول سکور کرنے میں کامیاب رہی۔ جرمن ٹیم کی جانب سے دو فیلڈ گول بھی سکور کئے گئے۔ جرمنی کی جانب سے نکلس نے دو گول جبکہ جسٹس اور ٹام نے ایک ایک گول سکور کیا۔ پاکستان ہاکی ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے کوئی میچ حکمت عملی سامنے نہ آسکی.گیم پلان کے فقدان کے باعث کھلاڑی انفرادی کھیل کھیلتے ہوئے نظر آئے.
دوسرے سیمی فائینل میں برطانیہ نے نیوزی لینڈ کو ایک سنسنی خیز میچ میں 1-3 گول سے شکست دیکر فائینل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے پاس پیرس اولمپکس تک رسائی کا آخری موقع ابھی موجود ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین تیسری اور چوتھی پوزیشن کا میچ آج پاکستانی وقت کے مطابق 19:00 بجے کھیلا جائے گا۔

پاکستان ہاکی ٹیم مینجمنٹ میں ہیڈ کوچ اولمپیئن شہناز شیخ، مینجر اولمپیئن دلاور حسین اور اسسٹنٹ کوچ و کنسلٹنٹ اولمیئن شکیل عباسی شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں