اولمپک کوالیفائر:کمزور حکمت عملی! پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں 1-6گول سے شکست،پاکستان کی جانب سے عبدالحنان کا فیٌلڈگول

اسلام آباد:16جنوری24ء(پلیئرزڈاٹ پی کے/ضیاءبخاری) اولمپک کوالیفائر ہاکی ایونٹ میں پاکستان کو پہلے میچ میں انگلینڈ نے 1-6 گول سے شکست دیدی، پاکستان کی جانب سے واحد گول عبدالحنان شاہد نے سکور کیا۔پاکستان کے گول کیپر وقار انجری کا شکار ہونے کے باعث ایونٹ سے باہر انکی جگہ پر پاکستان سے سٹینڈ بائی گول کیپر منیب الرحمٰن کو طلب کرلیا گیا.
عمان کے شہر مسقط میں جاری اولمپک کوالیفائر ایونٹ میں پاکستان کو اپنے پہلے پول میچ میں انگلینڈ سے ایک کے مقابلہ میں چھ گول سے شکست ہوئی۔ کمزور حکمت عملی کے ساتھ کھیلتے ہوئے پاکستان ہاکی ٹیم دوران میچ ملنے والے چار پینلٹی کارنرز سے بھی کوئی فائدہ نہ اٹھا سکی جبکہ انگلینڈ ہاکی ٹیم نے دوران میچ 12 پینلٹی کارنرز حاصل کئے۔ انگلینڈ ہاکی ٹیم نے میچ کے ابتداء سے ہی برتری قائم کرلی اور بہتر حکمت عملی سے کھیلتے ہوئے دو پینلٹی کانرز، ایک پینلٹی سٹروک اور تین فیلڈ گول سکور کئے جبکہ پاکستان کی جانب سے واحد گول عبدالحنان شاہد نے فیلڈ گول کے ذریعہ سکور کیا۔
پاکستان ہاکی ٹیم مینجمنٹ میں ہیڈکوچ اولمپیئن شہناز شیخ، مینجر اولمپیئن دلاور حسین، اسسٹنٹ کوچ و کنسلٹنٹ اولمپیئن شکیل عباسی شامل ہیں۔یاد رہے کہ موجودہ ایف آئی ایچ ریکارڈ ز کے مطابق پاکستان کے خلاف انگلینڈ کو یہ فتح تاریخ میں سب سے بڑے گول سکور مارجن سے ملی ہے.
پاکستان پول کا دوسرا میچ چین کے خلاف آج پاکستانی وقت کے مطابق 19:30 بجے کھیلے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں