پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن 19 سال بعد عہدے سے مستعفی ہوگئے

لاہور:30دسمبر23ء(پلیئرزڈاٹ پی کے) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن 19 سال بعد عہدے سے مستعفی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عارف حسن نے پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبرا ن کے نام ایک خط میں لکھا کہ وہ یکم جنوری 2024 کو بطور صدر پی او اے مستعفی ہورہے ہیں۔انہوں نے مزید لکھا کہ یہ فیصلہ آسان نہ تھا لیکن خرابی صحت کی وجہ سے وہ ایک اہم تنظیم کی سربراہی کی ذمہ داری جاری نہیں رکھ سکتے۔
عارف حسن کو 2002 میں ساؤتھ ایشین گیمز کی آرگنائزنگ کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا جس کے بعد وہ پاکستان اسپورٹس میں متحرک رہے، 2004 میں وہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے پہلی بار صدر بنے اور پھر مسلسل چار مرتبہ اس عہدے پر منتخب ہوئے۔
انہیں پی او اے کی صدارت میں اکرم ساہی کی جانب سے مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑا جبکہ ماضی میں حکومت پاکستان اور اسپورٹس بورڈ سے بھی ان کے تنازعات رہے۔ ایک موقع پر پاکستان میں متوازی پی او اے بھی بن گئی تاہم آئی او سی نے عارف حسن کی حمایت کی اور معطلی کی دھمکی کے بعد حکومت پاکستان عارف حسن کو پی او اے کا سربراہ تسلیم کرنے کو تیار ہوگئی اور آئی او سی کو تحریری طور پر لکھ کر دیا کہ وہ پی او اے کی خود مختاری میں مداخلت نہیں کرے گی۔
عارف حسن کے استعفی کے بعد پی او اے کی ایگزیکٹو کمیٹی عارضی طور پر اگلے انتخابات تک قائم مقام صدر کا فیصلہ کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں