وزیراعظم پاکستان نے طارق بگٹی کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کا نیا سربراہ نامزد کردیا، الیکشن کمیشن نے حسب ضابطہ این او سی جاری کردیا

اسلام آباد:21دسمبر23ء(پلیئرزڈاٹ پی کے/ضیاء بخاری) وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ نے میر طارق حسین بگٹی کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کا صدر نامزد کردیا. اس سلسلہ میں الیکشن کمیش آف پاکستان کی جانب سے حسب ضابطہ این او سی جاری کردیا گیا ہے. وزیراعظم ہاؤس سے سمری وزارت بین الصوبائی رابطہ کو موصول ہوگئی.
ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نئے صدر میر طارق حسین بگٹی کا تعلق صوبہ بلوچستان سے ہے. انکی نامزدگی وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ نے کی . وزیراعظم پاکستان کی جانب سے سمری حسب ضابطہ وزارت بین الصوبائی رابطہ کو بھجوائی گئی جوکہ نگران وزیراعظم کے فیصلہ کی توثیق کے لئے حسب ضابطہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھجوائی گئی.ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے اس بابت این او سی جاری کردیا گیا ہے جوکہ وزارت بین الصوبائی رابطہ کو بھجوایا گیا.
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق صدر خالد سجاد کھوکھر 2015 سے 2023 تک اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیتے رہے تاہم وہ پاکستان ہاکی کے معاملات کو احسن طریقے سے چلانے میں بری طرح ناکام رہے اس دوران انہوں نے رانا مجاہد علی کو بطور سیکرٹری جنرل آزمایا لیکن جلد ہی انہوں نے شہباز سینیئر کو بطور سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف تعینات کردیا. شہباز سینیئر کی سیکرٹری شپ میں وہ بدنام زمانہ سندھ بینک سکینڈل سمیت پی ایچ ایف کے مالی معاملات میں بے قاعدگیوں کے سنگین ترین مبینہ الزامات کی زد میں رہے. جس میں انکے دست راست اور خزانچی پی ایچ ایف اخلاق عثمانی بھی شامل تھے. 2018 میں شہباز سینیئر سے اختلافات اور مالی باقاعدگیوں کے مبینہ الزامات پر شہباز سینیئر کے استعفی کو منظر عام پر لانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سابق سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف آصف باجوہ کو دوبارہ سیکرٹری جنرل تعینات کردیا جوکہ جولائی 2022 تک سیکرٹری رہے.جولائی 2022 میں آصف باجوہ کی جانب سے مستعفی ہونے کے بعد حیدر حسین کو اگست 2022 میں بطور سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن تعینات کیا جوکہ اکتوبر 2023 میں حیدر حسین کا مبینہ استعفی پیش کرکے پرویز بھنڈارا کو بطور قائم مقام سیکرٹری جنرل تعینات کردیا. حیدر حسین کی جانب سے مستعفی ہونے سے انکار کے بیانات منظر عام پر آئے لیکن خالد سجاد کھوکھر نےاس دوران کئی غیر آئینی اقدامات اٹھائے جس پر حیدر حسین نے معزز عدالت سے رجوع کرلیا اور معزز عدالت نے خالد سجاد کھوکھرکے استعفی منظوری کے نوٹیفکیشن کو معطل کردیا اور حیدر حسین بطور سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف بحال ہوگئے.
پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تمام عہدیداران 16 اگست کو معطل کردیا گیا تھا جس کے بعد صرف سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ کو بحال رکھا گیا تھا تاکہ پاکستان کی بین الاقوامی ایونٹس میں نمائیندگی متاثر نہ ہو.
یاد رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مالی معاملات میں بےضابطگیوں اور مالی وسائل کی خرد برد ، خرید کردہ سامان ، گورنمنٹ اداروں کی جانب سے سپانسرپرکمیشن سمیت دیگر معاملات سے متعلق تحقیقات وفاقی تحقیاقی ادارے (ایف آئی اے) سمیت دیگر متعلقہ اداروں میں جاری ہیں. جس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اس وقت کے سیکرٹری رانا مجاہد کے دور میں ایک ہی روز میں بغیر پری کوالیفکیشن لگ بھگ ایک کروڑ روپے کی کیش چیک ٹرانزیکشنز کے ذریعہ خرید کی گئی ہاکیوں اورانکی مختلف افراد اور ایسوسی ایشنز کو فرضی تقسیم کا آڈٹ پیرا ، 2009 میں آصف باجوہ کے دوراقتدار میں ایک مبینہ قریبی عزیز کی حسن انٹرپرائیز نامی کمپنی بنا کر پی ا یچ ایف میں رجسٹر کروا کر قومی اداروں سے سپانسر شپ سے ملنے والی رقم کا کروڑوں روپے کا کمیشن اس کمپنی اکاونٹ میں منتقل کرنے کے آڈٹ پیرے بھی شامل ہیں.
وزیراعظم پاکستان کی جانب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نئے سربراہ کی تعیناتی کو پاکستان ہاکی کمیونٹی میں بے حد سراہا گیا ہے. پی ایچ ایف کے نئے صدر میر طارق حسین بگٹی ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ شخصیت ہیں اور شائقین کھیل ان سے پاکستان ہاکی کو بام عروج تک پہنچانے کی قومی امید رکھتے ہیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں