“جونیئر عالمی ہاکی کپ میں پاکستان کی کارکردگی”

لاہور:17دسمبر23ء(پلیئرزڈاٹ پی کے /خصوصی رپورٹ) ملائشیا کے شہر کوآلالمپور میں 5 تا 16 دسمبر کھیلا جانے والاجونیئر عالمی ہاکی کپ اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ اختتام پزیر ہوا. ہاکی کی دنیا سے 16 ٹاپ ٹیموں نے اس ایونٹ کے لئے کوالیفائی کیا . ہر دو سال بعد منعقد ہونے والے اس انڈر-21 ہاکی ورلڈ کپ ایونٹ کے فائینل میں جرمنی نے فرانس کو ایک سنسنی خیز میچ میں ایک کے مقابلہ میں دو گول سے شکست دیکر فتح کا تاج سر پر سجایا. سپین نے انڈیا کو برونز میڈل میچ میں ایک کے مقابلہ میں تین گول سے پچھاڑ کر ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی.
پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے ایونٹ کے گروپ میچز میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم اگلے راؤنڈ میں پاکستان ٹیم خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی.پاکستان کو گروپ میچز میں پول ڈی میں رکھا گیا جہاں پاکستان کے علاوہ نیوزی لینڈ، ہالینڈ اور بیلجیئم کی ٹیمیں موجود تھیں. پاکستان نے اپنے پول میں ایونٹ کا واحد میچ جیتا جوکہ پول کی سب سے کمزور ٹیم نیوزی لینڈ کو چار گول سے جیتا. گرین شرٹس نے ایونٹ میں ٹوٹل چھ میچز کھیلے جن میں سے ایک جیتا، دو ڈراء کئے جبکہ تین میچز میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا اور ایونٹ میں آٹھویں پوزیشن حاصل کی.1979 میں لیجنڈ اولمپیئن منظور جونیئر کی کپتانی میں واحد جونیئر ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستان ٹیم نے 2005 میں 5ویں پوزیشن حاصل کرنے کے بعد2023 میں پہلی بار 8ویں پوزیشن پر ایونٹ میں اپنے سفر کا اختتام کیا.
پاکستان نے ایونٹ میں ٹوٹل 18 گول سکور کئے جبکہ پاکستان کے خلاف 21 گول سکور ہوئے.پینلٹی کارنر کے شعبہ میں پاکستان نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہر ہ کیا . پاکستان کو ملنے والے 43 پینلٹی کارنرز پر پاکستان محض 6 گول ہی سکور کرسکا. جس میں پاکستانی ڈریگ فلکر سفیان خان نے 3 گول اور ارباز احمد نے 2 گول سکور کئے جبکہ کپتان عبدالحنان شاہد نے ایک پینلٹی کارنر کو گول میں تبدیل کیا.پینلٹی کارنرز پر گول کا تناسب 13.96فیصد رہا جوکہ کسی بھی انٹرنیشنل ٹیم کےکامیاب پینلٹی کارنر سٹینڈرڈز کے تناسب کے مطابق نہیں ہے. پاکستان کو ایونٹ میں 3 پینلٹی سٹروکس ملے جوکہ 100فیصد کامیابی کے ساتھ گول سکور کئے گئے. یہ تینوں پینلٹی سٹروکس ارباز احمد نے سکور کئے.پاکستان کی جانب سے ارباز احمد نے مجموعی طور پر پانچ گول (2 پینلٹی کانر،3پینلٹی سٹروکس) سکور کئے، ارشد لیاقت نے چار (فیلڈگول)، سفیان خان نے تین(پینلٹی کارنر) گول،کپتان عبدالحنان شاہد نے دو (1پینلٹی کارنر،1فیلڈگول)، عبدالقیوم نے دو گول جبکہ احتشام اسلم اور نئے کھلاڑی عمر مصطفے نے ایک، ایک گول سکور کیا.پاکستانی کھلاڑیوں کو ٹوٹل 10 پینلٹی کارڈز ملے جن میں سے 8 ییلو کارڈز اور 2 گرین کارڈز شامل ہیں.
پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ رولینٹ آلٹمینز کا کہنا ہے کہ ایونٹ میں گروپ میچز میں اچھی کارکردگی دکھائی. پاکستان نے ہالینڈ اور بیلجئم کے خلاف میچز ڈراء کھیلے جوکہ دنیائے ہاکی کی بہترین ٹیمیں ہیں.پاکستان نے دفاعی اور جارحانہ کھیل کے شعبہ جات میں بہتر کارکردگی دکھائی.ہم اگلے راؤنڈ میں بھی بہتر کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے تھے تاہم کھلاڑیوں کو انجری ہونے کے باعث نہ دکھا سکے.ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ “کچھ لڑکےسینیئر ٹیم میں جاسکتے ہیں، کھلاڑیوں کو بنیادی کھیل اور فٹ ورک میں بہتری لانا ہوگی لیکن یہ محض کچھ دیر میں ممکن نہیں”.

اپنا تبصرہ بھیجیں