جونیئر عالمی ہاکی کپ: پاکستان نے کواٹرفائینلز میں رسائی حاصل کرلی، بیلجیئم کے خلاف میچ 1-1 گول سے ڈراء

لاہور:9دسمبر23ء(پلیئرزڈاٹ پی کے /انٹرنیشنل ڈیسک) جونیئر عالمی ہاکی کپ میں پاکستان نے کواٹر فائینلز میں رسائی حاصل کرلی، پاکستان اور بیلجیئم کے مابین میچ ایک سنسنی خیز مقابلہ کے بعد 1-1 گول سے ڈراء ہوگیا۔ پاکستان بہتر پوائینٹس کی بنیاد پر سپر ایٹ میں شامل، پاکستان کی جانب سے ارباز احمد نے پینلٹی کارنر کے ذریعہ گول سکور کیا جبکہ بیلجیئم کے کھلاڑی جیک نے بھی پینلٹی کارنر کے ذریعہ گول سکور کیا۔

ملائیشیا کے شہر کوآلالمپور میں جاری جونیئر عالمی ہاکی کپ میں پاکستان اور بیلجیئم کے مابین میچ ایک، ایک گول سے ڈراء ہوگیا ، میچ کا آغاز تیز کھیل سے ہوا۔ بیلجیئم کے کھلاڑی جیک نے پہلے کواٹر کے تیسرے منٹ میں ہی پاکستان کے خلاف ملنے والے پینلٹی کارنر کے ذریعہ گول سکور کرکے بیلجیئم کو برتری دلا دی ۔ پاکستان کو کھیل کے 17 ویں اور 27ویں منٹ میں پینلٹی کارنرز لگانے کا موقع ملا لیکن پاکستانی ڈریگ فلکر ارباز احمد گول پوسٹ میں گیند پھینکنے میں ناکام رہے۔ پہلے ہاف کے اختتام تک بیلجیئم کو پاکستان سے ایک گول کی برتری حاصل رہی۔ پاکستان کو کھیل کے 42ویں منٹ میں ایک اور پینلٹی کارنر حاصل کرنے کا موقع ملا جس کے ذریعہ ارباز احمد نے تیز رفتار ڈریگ فلک کے ذریعہ گول سکور کرکے بیلجیئم کی برتری کا خاتمہ کردیا۔میچ کے اختتام تک سکور 1-1 گول سے برابر رہا۔
پاکستان پول ڈی میں 5 پوائینٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا جبکہ ہالینڈ ٹیم 7 پوائینٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے. بیلجیئم ٹیم میچ ڈراء کھیلنے کے بعد ایونٹ میں سپر ایٹ دوڑ سے باہر ہوگئی.

اپنا تبصرہ بھیجیں