نیشنل بینک ملازم رانا مجاہد علی توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں، حیدر حسین سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن

اسلام آباد:12مارچ24ء(پلیئرزڈاٹ پی کے/ضیاءبخاری) سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن حیدر حسین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے معاملات میں مداخلت پر نیشنل بینک کے ملازم رانا مجاہد علی توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں، رانا مجاہد علی کی جانب سے خود کو سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف ظاہر کرنے اور غیر آئینی طور پی ایچ ایف آفس لاہور میں میڈیا ٹاک کرنے کے عمل کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ حیرت کی بات ہے کہ آٹھ ستمبر کے اجلاس کے تناظر میں پی ایچ ایف آرٹیکل 27.5 کی زد میں آ کر کانگریس ممبر کی سیٹ سے فارغ ہونے والا رانا مجاہد کیسے سیکرٹری کے عہدہ کا دعویدار ہے؟
سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف حیدر حسین نے مزید کہا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن ، ایشین ہاکی فیڈریشن سمیت انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن ریکارڈ میں بطور سیکرٹری جنرل اپنی آئین اور قانونی ذمہ داریاں سرانجام دے رہا ہوں۔ سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن حیدر حسین نے مزید کہا کہ معزز عدالت انکی آئینی حیثیت کو تسلیم کرتے ہوئے سابق صدر پی ایچ ایف کی جانب سے انکے استعفی کے نوٹیفکیشن کو معطل کرچکی ہے۔ پی ایچ ایف لیگل ڈیپارٹمنٹ کے تمام وکلاء کی رائے بھی اس سلسلہ میں ریکارڈ پر موجود ہے اس کے باوجود نیشنل بینک کے ملازم رانا مجاہد علی غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام کے مرتکب ہوئے ہیں جو کہ توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے اور وہ اس سلسلہ میں باقاعدہ معزز عدالت سے توہین عدالت کیس کی درخواست کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی کی تباہی کے ذمہ داروں کی تحقیقات ایف آئی اے میں زیر تفتیش ہیں جس سے بچنے کے لئے یہ اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں