WON فاؤنڈیشن پاکستان کے زیراہتمام ایوب پارک راولپنڈی میں ” جشن صحت ” ، پارک آباد کریں اور ہسپتال ویران کریں۔ چیئرمین WON فاؤنڈیشن نامور یوگی شمشاد حیدر

راولپنڈی:14 اپریل (پلیئرز ڈاٹ پی کے/ضیاء بخاری )فطری ماحول میں قدرتی صحت مند زندگی گذارنے کی اہمیت و افادیت سے آگاہی کے لیے چوتھا سالانہ ’’جشن صحت ‘‘ سیمینار ایوب پارک راولپنڈی میں منعقد ہو ا جس میں مقررین نے صحت مند طرز زندگی گذارنے کے لیے ورزش خصوصاً یوگا کی اہمیت و افادیت پر مفصل روشنی ڈالی اور شرکاء کو فطری ماحول سے مطابقت رکھتے ہوئے صحت مند طرز زندگی اپنانے کی ترغیب کے ساتھ ساتھ مفید مشورے بھی دیئے ۔جشن صحت سیمینار کا اہتمام غیر منافع بخش غیر سرکاری تنظیم WON فاؤنڈیشن (Way Of Nature Foundation )نے کیا تھا ۔مقررین سے خطاب کرتے ہوئے فاؤنڈیشن کے صدر غلام مصطفٰی نے کہاکہ جس طرح صحت مند جسم صحت مند دماغ کی ضمانت ہوتا ہے بالکل اسی طرح صحت مند طرز زندگی اپنا کر ذہنی تناؤ سمیت ہر قسم کی بیماریوں سے محفوظ رہا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اگر ہر شہری فطری ماحول سے اپنا رشتہ استوار کرتے ہوئے صحت مند طرز زندگی اپنا لے تو یقیناً پارک آباد اور ہسپتال ویران ہو جائیں ۔غلام مصطفیٰ نے کہاکہ ادویات سے پاک معاشرے کا قیام ہمارا مقصد و منشور ہے ۔جشن صحت سیمینار سے شمشاد حیدر یو گی ،ڈاکٹر فضلی ،شعیب حامد ،ڈاکٹر عذریٰ ،مسز افشاں تنویر ،جنرل (ریٹائرڈ )مصطفٰی کمال ،مطلوب الہیٰ پراچہ و دیگر ماہرین صحت نے بھی خطاب کیا اور شرکاء کو ورزش کی اہمیت و افادیت سے روشناس کرایا ۔مقررین نے شرکاء کوآگاہ کیاکہ فطری صحت مند طرز زندگی اپنانے کے لیے ہمیں روزمرہ کھانے پینے کے اطوار میں معمولی ردو بدل کرنا ہو گا اور پارکس اور تفریحی مقامات کا رخ کرنا ہو گا تاکہ ہم فطرت کے زیادہ سے زیادہ قربت حاصل کر سکیں
۔اس موقع پر WON فاؤنڈیشن کے چیئرمین اور ملک کے نامور یوگا ایکسپرٹ شمشاد حیدر، شعیب حامد اور باسط امین نے سیمینار کے شرکاء کو عملی طور پر ورزش بھی کرائی اور انہیں یوگا کی اہمیت اور صحت پر یوگا کے اثرات بارے آگہی بھی دی ۔یوگا ماہرین کے مطابق یوگا ورزش کی بدولت وزن میں کمی کر کے ذیابطیس(شوگر) ،کمر درد ،سردرد ، بلڈ پریشر سمیت متعدد امراض سے چھٹکارا پایا جاسکتا ہے اس لیے ہمیں فطرت سے قربت اختیار کر کے ورزش کو معمول بنانا چاہیے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں