وفاقی وزارت کھیل مستعفی سیکرٹری پی ایچ ایف کے حکومت مخالف بیانات کا نوٹس لے،فرانزک آڈٹ کا عمل تیز کیا جائے،اولمپین راؤ سلیم ناظم

لاہور:12فروری(پلیئرزڈاٹ پی کے) وفاقی وزارت کھیل مستعفی سیکرٹری پی ایچ ایف کے حکومت مخالف بیانات کا نوٹس لے، فرانزک آڈٹ کمیٹی میں ٹیکنوکریٹ اولمپینز کو بھی شامل کیا جائے، فرانزک آڈٹ کا عمل تیز کیا جائے، کانگریس ممبر پی ایچ ایف علی عباس کو پی ایچ ایف کی جانب سےنوٹس دینے کی مذمت کرتا ہوں، پی ایچ ایف آئین میں آزادی اظہار رائے پر کوئی پابندی نہیں، وفاقی وزیر کھیل ڈاکٹر فہمیدہ مرزاکا موقف اصولی ہے، اسکی تائید کرتا ہوں، اولمپین راؤ سلیم ناظم
پاکستان ہاکی کے مایہ ناز کھلاڑی اولمپین راب سلیم ناظم نے کہا ہے کہ وفاقی وزارت کھیل مستعفی سیکرٹری پی ایچ ایف کے حکومت مخالف بیانات کا نوٹس لے. شہباز سینئر جو کہ حکومت پاکستان کے قومی ادارے پی آئی اے کے ملازم ہیں اور سیکرٹری پی ایچ ایف کے عہدے سےمستعفی ہونے سے پہلے بھی ایک مخصوص ایجنڈا کے تحت مسلسل حکومت پاکستان اور وفاقی وزارت کھیل کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے رہے ، مطالبہ کرتا ہوں کہ حکومت پاکستان اور وفاقی وزارت کھیل انکے بیانات کا نوٹس لے اور انکے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرے.
اولمپین راؤ سلیم ناظم نے کہا کہ کانگریس ممبر پی ایچ ایف اور سی ای او، پلیئرزڈاٹ پی کے علی عباس کو پی ایچ ایف کی جانب سے نوٹس دیئے جانے کی مذمت کرتا ہوں. صدر ہاکی فیڈریشن ہوش کے ناخن لیں اور تعصب کی عینک اتار کرسب کو برابری کی نظر سے دیکھتے تو انکو پتہ چلتا کہ انکی بغل میں بیٹھ کر کس کس نے حکومت پاکستان اور وفاقی وزارت کھیل کے خلاف ہرزہ سرائی کی. کیا انہوں نے اس بارے میں کبھی کوئی نوٹس جاری کرایا؟ اولمپین راؤ سلیم ناظم نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ارباب اختیار کی مالی بے ضابطگیوں، غیر آئینی اقدامات اور دیگر مسائل کی نشاندہی کرنا کوئی جرم نہیں. کانگریس ممبر علی عباس، سینئر کانگریس ممبر ظاہر شاہ اور دیگر آواز اٹھانے والے کانگریس ممبران داد تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے قومی کھیل کے منتظم ادارے میں ہونے والی بے قاعدگیوں کی نشاندہی کی.
اولمپین راؤ سلیم ناظم نے کہا کہ حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتا ہوں کہ سپورٹس فیڈریشنز کے فرانزک آڈٹ کے عمل کو تیز کیا جائے اور وفاقی وزارت کھیل برائے بین الصوبائی رابطہ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اس فرانزک آڈٹ تحقیقاتی کمیٹی میں ہاکی فیڈریشن کے آڈٹ کمیٹی میں ٹیکنوکریٹ اولمپینز کو شامل کیا جائے جسکا انہوں نے وعدہ بھی کیا تھا. ہاکی فیڈریشن کے فرانزک آڈٹ کمیٹی میں ٹیکنوکریٹ اولمپینز کی مدد سے کئی اہم امور میں تہلکہ خیز نتائج بھی سامنے آئیں گے.
اولمپین راؤ سلیم ناظم نے پیٹرن ان چیف پی ایچ ایف وزیراعظم پاکستان عمران احمد خان نیازی سے اپیل کی ہے کہ وہ قومی کھیل کی بربادی اور فنڈز کا بے دریغ استعمال کرنے والے پی ایچ ایف عہدیداران کو فوری برطرف کردیں. جو کہ آئینی طور پر انکے دائرہ اختیار میں ہے. اس سے قبل کہ چاروں صوبوں میں جلسے جلوسوں کا آغاز ہوجائے. انہوں نے کہا کہ عالمی کپ میں شرمناک کارکردگی اور پاکستان ہاکی کے بنیادی ڈھانچے کی بربادی کے باوجود صدر ہاکی فیڈریشن خالد سجاد کھوکھراپنے نو رتنوں کے ہمراہ بے شرمی کے ساتھ عہدوں پربراجمان ہیں. اور اب ایک سوچی سمجھی گھناؤنی سازش کے تحت مستعفی سیکرٹری کو دوبارہ ہاکی فیڈریشن پر مسلط کرنا چاہتے ہیں.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں